حیدرآباد : ڈرائیور نے مالک کو گولیوں سے بھون دیا، ملزم فرار

راولپنڈی

حیدرآباد میں ڈرائیور کے ہاتھوں مالک کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے، ملزم نے معمولی تلخ کلامی پر پروفیسر کو گولیاں مار کر قتل کرڈالا۔

تفصیلات کے مطابق حیدرآباد پولیس کو سیٹزن کالونی کے مکان سے فائرنگ سے مرنے والے ایک شخص کی لاش ملی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹردھرم دیو کو ان کے ڈرائیور نے قتل کیا۔

ایس ایس پی امجد شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ ڈاکٹردھرم دیو کی اپنے ڈرائیور سے تلخ کلامی ہوئی تھی، گھر پہنچتے ہی ڈرائیور نے ڈاکٹردھرم دیو کو قتل کردیا، ملزم ڈرائیور مقتول ڈاکٹر دھرم دیو کی گاڑی بھی لے کر فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی لاش کو قانونی کارروائی کیلئے اسپتال پہنچا دیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے اور ڈرائیور کے گاؤں میں بھی چھاپہ مارا گیا ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے تاہم ملزم ڈرائیور کو بہت جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور گیان چند ایسرانی نے ڈاکٹر دھرم دیو کے قتل کی واردات کا نوٹس لے لیا، انہوں نے ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ سے فون پر رابطہ کرکے ملزم کی گرفتاری کی ہدایت جاری کی، ان کا کہنا تھا کہ اس افسوسناک واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔