امریکی شہر نارتھ میامی میں آن لائن رائیڈ اُس وقت خوفناک شکل اختیار کر گئی جب اوبر ڈرائیور نے راستے کے تنازعے کے دوران مسافروں پر بندوق تان لی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گاڑی میں مشہور امریکی ریپر کرسی سیلیس اور ان کی دوست سوار تھی جن کی خاتون ڈرائیور سے راستے کے معاملے بحث ہوئی۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرسی سیلیس اور ان کی دوست کو اوبر ڈرائیور نے بندوق تان کر گاڑی سے نکلنے کی دھمکی دی، یہ واقعہ پیر کی رات پیش آیا۔
کریسی سیلیس کے مطابق صورتحال اُس وقت خراب ہوئی جب انہوں نے سفر کے دوران خاتون ڈرائیور کو صحیح راستے بتانے کی کوشش کی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راستہ بتانے پر خاتون ڈرائیور طیش میں آگئیں اور انہوں نے کہا کہ تم لوگ ابھی میری گاڑی سے باہر نکل جاؤ! تم اب رائیڈ نہیں لے سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: کیب ڈرائیور کی دوران ڈرائیونگ گیم کھیلنے کی ویڈیو وائرل
جب کرسی سیلیس نے ڈرائیور کی آنکھوں پر تبصرہ کیا تو اس نے بندوق نکال کر تان لی۔ امریکی ریپر کہتی ہیں کہ میں نے کبھی بھی ایسا کچھ ہونے کی توقع نہیں کی تھی، میری توجہ صرف بندوق پر تھی۔
کرسی سیلیس اور ان کی دوست خاتون ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
ادھر، اوبر نے تصدیق کی ہے کہ خاتون ڈرائیور کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا جبکہ کمپنی اپنی اندرونی تحقیقات کر رہی ہے۔
کمپنی نے واقعے کو انتہائی تشویشناک قرار دیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ اس کی پالیسی کے تحت ڈرائیوروں کو اسلحہ رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔