ماسکو پر ڈرون حملہ، فضائی آپریشن معطل

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک حملہ آور ڈرون کو مار گرایا گیا ہے جب کہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے اور صورتحال کے پیش نظر ماسکو کی فضائی حدود کو بند کر دیا گیا ہے۔

ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر لکھا کہ جمعہ کو ماسکو پر ایک دشمن ڈرون کو مار گرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈرون کا ملبہ شہر کے مرکز کے شمال مغرب میں گرا جس سے کوئی شدید نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی جانی نقصان ہوا۔

سوشل میڈیا پر غیر تصدیق شدہ فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں دیکھا گیا ہے کہ ایک چھوٹا دھماکا ہوا ہے۔

ڈرون حملے کے بعد ماسکو کی فضائی حدود کو بند کر کے فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔

جمعہ کی صبح ہوائی اڈے کے اوپر کی فضائی حدود کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا اور تمام آنے اور جانے والی پروازیں معطل کر دی گئی تھیں۔

روس کی آر آئی اے نووستی نیوز ایجنسی نے کہا کہ یہ اقدام علاقے میں مشتبہ ڈرون کی پرواز کی وجہ سے کیا گیا۔