دبئی میراتھن 2024 کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا، صحرائی ملک میں ہونے والے اس ایونٹ کا 23 واں مرحلہ آئندہ سال 7 جنوری کو منعقد کیا جائے گا۔
ام سقیم روڈ پر منعقد ہونے والی 2024 دبئی میراتھن تین ریسوں پر مشتمل ہوگی جن میں 4 کلومیٹر کی تفریحی دوڑ، 10 کلومیٹر روڈ ریس اور کلاسک 42.195 کلومیٹر میراتھن ریس شامل ہیں۔
دبئی اسپورٹس کونسل کی طرف سے منظور شدہ ایونٹ کے منتظمین نے دبئی پولیس اور دبئی آر ٹی اے سے مشاورت کے بعد مذکورہ روٹ فائنل کیا ہے۔ دبئی سپورٹس کونسل کے سیکرٹری جنرل سعید کے مطابق دبئی میراتھن کیلنڈر کے سب سے بڑے سالانہ کھیلوں کے مقابلوں میں سے ایک ہے
انھوں نے کہا کہ ہر عمر کے لوگ اس ریس میں دوڑنا پسندکرتے ہیں۔ اس ایونٹ کے یادگار انعقاد کے لیے کوشاں ہیں۔
2024 کے ایڈیشن میں حصہ لینے کے لیے اندراج کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ دبئی پولیس اکیڈمی کے قریب ام سقیم روڈ پر 42.195 کلومیٹر کا فاصلہ جمیرہ بیچ روڈ پر طے کیا جائے گا۔
پیٹر کونرنٹن ایونٹ کے ڈائریکٹر کے طور پر فرائض انجام دیں گے، ان کے مطابق دبئی اسپورٹس کونسل کے ساتھ ساتھ دبئی پولیس، دبئی آر ٹی اے اور دبئی میونسپلٹی کے بہت مشکور ہیں کہ جنھوں نے میراتھن کے انعقاد کو آسان بنانے کے لیے ہماری مدد کی۔
انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی کھلاڑی اچھی طرح جانتے ہیں کہ دبئی میراتھن کے ذریعے انھیں عالمی سطح پر پذیرائی مل سکتی ہے۔ مقابلے میں حصہ لینے کے خواہشمند سرکاری ویب سائٹ dubaimarathon.org کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔