دبئی پولیس نے 25 ملین ڈالر مالیت کا نایاب گلابی ہیرا چوری کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہیرا چوری کرنے میں ملوث گرفتار 3 ملزمان کا تعلق ایشیائی ملک سے ہے لیکن ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ نایاب گلابی ہیرا یورپ سے لایا گیا تھا جس کی ڈیل ہونا تھی، ڈائمنڈ ڈیلر کو امیر کلائنٹ کے بہانے دبئی کے ولا میں بلایا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے ڈیلر کے ساتھ جعلسازی کی اور ہیرا ہتھیا لیا، جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو پکڑا گیا۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان واردات کے بعد ایک دوسرے سے الگ ہو کر مختلف مقامات پر منتقل ہو چکے تھے۔
پولیس نے بیک وقت مختلف مقامات پر چھاپے مار کر تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا اور قیمتی پنک ڈائمنڈ کو بازیاب کر لیا جسے ملزمان ایک چھوٹے ریفریجریٹر میں رکھ کر ایشیائی ملک اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ہیرا چوری ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے 8 گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار کرکے ہیرا بازیاب کرلیا۔