لاہور(17 اگست 2025): ڈیوٹی مجسٹریٹ نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی کو دو دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجینسی کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی این آئی ایل لسٹ میں نام شامل ہونے کے باعث معروف یوٹیوبر سعد عرف ڈکی بھائی کو بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے امیگریشن حکام نے گرفتار کرکے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے حوالے کیا۔
ملزم کو مقدمہ درج کرنے کے بعد ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت لے جایا گیا جہاں اسے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجینسی کے حوالے کردیا گیا۔
ڈکی بھائی پر غیر قانونی آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے، ڈکی بھائی نے یوٹیوب اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ون ایکس بیٹ اور بائنومو جیسی ایپس کو فروغ دیا۔
ڈکی بھائی پر عوام کو جوا بازی اور غیر قانونی سرمایہ کاری میں ملوث کرنے کا الزام ہے، ملزم سے آئی فون سولہ پرو میکس برآمد کر لیا گیا، مشکوک واٹس ایپ نمبرز اور ڈیٹا بھی حاصل کرلیا، تفتیشی ٹیم میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض، سب انسپکٹر یاسر رمضان اور ہیڈ کانسٹیبل طاہر شامل ہیں۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق ڈکی بھائی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے ذریعے عوام کو گمراہ کرتا رہا، غیر قانونی ادائیگیوں اور بائنومو پروموشن کے ثبوت برآمد ہوئے ہیں، مزید تحقیقات جاری ہیں، یوٹیوبر کے اثاثوں کی چھان بین کی جارہی ہے اور اثاثوں کا ریکارڈ بھی نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے طلب کر لیا ہے۔