لاہور(25 اگست 2025): پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کا گرفتاری کے بعد پہلا بیان سامنے آگیا ہے۔
ڈکی بھائی پاکستان کے مشہور یوٹیوبر ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز روسٹنگ ویڈیوز، گیمز سٹریمنگ سے کیا اور پھر ولاگنگ کی طرف آئے، وہ اپنی متنازعہ لڑائیوں، پیسوں کی نمائش اور دیگر مشہور شخصیات کے بارے میں بیانات دینے کے حوالے سے مشہور ہیں۔
وہ آج کل ڈکی بھائی قانونی مشکلات سے گزر رہے ہیں کیونکہ ڈکی بھائی کو چند روز قبل ایف آئی اے نے ایک مبینہ متنازع ’ٹریڈنگ/گیمبلنگ ایپ‘ کی پروموشن کے الزام میں لاہور سے گرفتار کیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق اس ایپ کے ذریعے شہریوں کو مالی نقصان ہوا، جس پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا، گرفتاری کے بعد انہیں ریمانڈ پر جیل بھیجا گیا، جہاں گزشتہ روز ان کی دوبارہ پیشی ہوئی جس کے بعد انہوں نے ایک نجی میڈیا سے گفتگو کی۔
مزید پڑھیں : ڈکی بھائی کیس میں اب تک کیا کچھ ہوا؟
یوٹیوبر نے عدالت کے باہر میڈیا سے پہلی بار گفتگو کرتے ہوئے ناصرف اعتراف جرم کیا ہے بلکہ اپنے جرم پر معافی بھی مانگی ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ڈکی بھائی نے کہا کہ میں روسٹنگ کے زمانے سے روسٹنگ ویڈیوز بناتا تھا جو کہ ایک غیر اخلاقی کام ہے جس پر میں پوری قوم سے معافی مانگتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے کچھ ایپس کی تشہیر کی پیشکش کی گئی، جس کی میں نے تصدیق کیے بغیر تشہیر کی، کیونکہ مذکورہ ایپس ٹی وی پر، بالخصوص پی ایس ایل میچز کے دوران بہت عام تھیں اس لیے میں نے ان کی تصدیق نہیں کی گویا یہ قانونی ہیں یا نہیں، اس پر بھی میں معافی چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ لاہور کی عدالت نے ابتداً این سی سی آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے یوٹیوبر سعد الرحمٰن کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا، بعد ازاں عدالت میں پیشی کے بعد ان کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کی گئی تھی۔
یوٹیوبر سعد الرحمٰن کو 23 اگست بروز ہفتہ ایف آئی اے نیشنل کرائم ایجنسی نے 4 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں دوبارہ پیش کیا، جہاں عدالت نے ان کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
https://urdu.arynews.tv/youtuber-ducky-bhai-sent-on-additional-five-day-physical-remand/