اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ دھرنے کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پیچھے چلا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ مناسب نہیں ہے، دھرنے کے بیشتر شرکا کو معلوم ہی نہیں ان کا مقصد کیا ہے۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ بات چیت کا سلسلہ بند نہیں ہونا چاہئے، امید ہے دھرنا احسن طریقے سے ختم ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے لیے عام انتخابات فوج کے تعاون سے ہوتے ہیں، سیکیورٹی کا مسئلہ ہے تو فوج کے بغیر الیکشن نہیں ہوسکتے۔
مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو ڈی چوک کا نعرہ لگانے سے روک دیا
وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ہے، نام نیب نے ای سی ایل میں ڈالے ہیں۔
اعجاز شاہ نے کہا کہ نواز شریف کے علاج کے لیے بیرون ملک جانا ضروری ہوا تو راستہ نکل آئے گا، دعا ہے اللہ نواز شریف کو صحت عطا فرمائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ طالبان کی قیادت پاکستان کی سرزمین پر موجود نہیں ہے، جب تک فوج ہے ملک غیرمستحکم نہیں ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ درآمد کم اور برآمد زیادہ ہونے کی وجہ سے روپے کی قدر کم ہوتی ہے اور ملک بھی تب ہی غریب ہوتا ہے، ایک سال میں حکومت نے جتنی ترقی کی ہے کسی حکومت نے نہیں کی، اگر حکومت نے ڈیلیور کیا تو اگلے پانچ سال بھی ہم ہی ہوں گے۔