راشد منہاس روڈ ڈمپر حادثے نے بچی کا جہیز جمع کرنے والا خاندان اجاڑ دیا، چچا ذاکر

ڈمپر راشد منہاس روڈ جہیز

کراچی (10 اگست 2025): شہر قائد کے علاقے ایف بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر ڈمپر حادثے میں جاں بحق ہونے والے بہن بھائی کے چچا نے بتایا ہے کہ ڈمپر نے دراصل بچی کا جہیز جمع کرنے والا خاندان اجاڑ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق راشد منہاس روڈ پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے چچا ذاکر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کا بھائی شاکر (جاں بحق بچوں کا باپ) جناح اسپتال میں ایڈمٹ ہے، اور ان کے دماغ میں شدید چوٹیں آئی ہیں، وہ کپڑے کا کام کرتے ہیں۔

چچا ذاکر کے مطابق متاثرہ فیملی ملیر سے واپس گھر جا رہی تھی کہ حادثہ پیش آیا، اور جاں بحق ماہ نور کی اگلے ماہ شادی تھی، ہم بچی کا جہیز جمع کر رہے تھے، لوگ صبر کا کہتے ہیں کہاں سے لائیں صبر، کیسے کریں صبر۔


کراچی میں مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی، 10 شہری گرفتار


انھوں نے بتایا کہ ابھی تو زخمی والد کو معلوم ہی نہیں کہ ان کا بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہو گئے ہیں، اس لیے میری اپیل ہے کہ ان حادثات کو روکا جائے اور ہمیں صرف انصاف چاہیے۔

قبل ازیں ریسکیو حکام نے بتایا تھا کہ بد قسمت باپ بچوں کو شادی کی تقریب میں ملیر لے کر گیا تھا، واپس گھر نیو کراچی جاتے ہوئے ٹریفک حادثہ پیش آیا، بہن اور بھائی ٹریفک حادثے کی بھینٹ چڑھ کر دم توڑ گئے، جب کہ باپ زخمی ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم حادثے کے بعد مشتعل افراد نے علاقے میں 7 ڈمپروں کو پکڑ کر آگ لگا دی، پولیس نے 10 شہریوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔