کراچی (11 اگست 2025): شہر قائد میں راشد منہاس روڈ پر گزشتہ روز پیش آنے والے نہایت افسوس ناک ٹریفک حادثے (ڈمپر حادثہ) کو غفلت قرار دیتے ہوئے 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز معطل کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے غفلت اور لاپروائی پر 2 ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا ہے۔
ایس ایچ او یوسف پلازہ افتخار خانزادہ، اور ایس ایچ او فیڈرل بی صنعتی ایریا شاہد بلوچ معطل کیے گئے ہیں، ان ایس ایچ اوز کو بی کمپنی رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
کراچی میں ڈمپر اور موٹرسائیکل حادثے کی ویڈیو سامنے آگئی
واضح رہے کہ کراچی میں ایڈووکیٹ ناصر ملک کے قتل کے واقعے کے بعد بھی پولیس حکام نے ایس ایچ او سولجر بازار تھانہ وقار عظیم کو معطل کر دیا ہے۔ اس میں کیس میں ملوث مرکزی ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم محسن مقتول ایڈووکیٹ ناصر ملک کا رشتے دار نکلا ہے۔
خیال رہے کہ راشد منہاس روڈ حادثے کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس سے معلوم ہوا ہے کہ غلطی ڈمپر کی نہیں تھی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بائیک سوار بائیں سے اچانک دائیں ہو گیا تھا، بائیک اچانک اچھلی اور سلپ ہو کر ڈمپر کے نیچے آ گئی۔