شبمن، کوہلی، روہت جیسے سورما 20 سالہ ڈنتھ کے آگے ڈھیر!

سری لنکن بولر ڈنتھ ویلالاگے نے دنیائے کرکٹ کے بڑے اسٹیج پر اپنی آمد کا اعلان کرتے ہوئے بھارت کے تین بڑے بیٹرز کو نہایت آسانی سے اپنا شکار بنا لیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت اور سری لنکے کے درمیان ایشیا کپ سپرفور مرحلے کے میچ میں 20 سالہ سری لنکن اسپنر نے اپنی بولنگ سے تباہی مچادی، انھوں نے پہلے اوور میں شبمن گل، دوسرے میں ویرات کوہلی اور تیسرے اوور میں روہت شرما جیسے بڑے بیٹرز کی وکٹیں لے کر دنیائے کرکٹ کو خبردار کردیا ہے۔

ویلالاگے نے اپنی گھومتی گیندوں سے روہت اور شبمن کو کلین بولڈ کیا جب کہ کولی ان کی گیند کو سمجھ نہیں پائے اور شناکا کو آسان کیچ دے بیٹھے۔

ڈنتھ ویلالگے جو کہ محض 20 سال کے ہیں انھوں نے اس اہم میچ میں عمدہ اور کفایتی بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز کے عوض 5 بھارتیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ایک اوور میڈن بھی پھینکا۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں بھارت نے سری لنکا کو جیت کے لیے 214 رنز کا ہدف دے دیا۔

کولمبو میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 50ویں اوورز میں 213 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ روہت شرما کے 53 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

ایشان کشن 33 اور کے ایل راہول 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ویرات کوہلی صرف 3 رنز پر ویلا لاگے کو وکٹ دے بیٹھے۔ ہاردک پانڈیا 5 اور رویندرا جڈیجا 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔