شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ درفشاں سلیم نے خود سے متعلق حیران کن انکشاف کردیا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’کیسی تیری خود غرضی‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ درفشاں سلیم نے حالیہ انٹرویو میں نجی زندگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔
درفشاں سلیم نے بتایا کہ میں اداکارہ بننا چاہتی تھی لیکن والدین کہتے تھے کہ پہلے پڑھائی مکمل کرلو بعد میں کچھ اور کرلینا۔
انہوں نے کہا کہ اے لیول کے فوراً بعد والدہ نے کہا کہ ڈگری حاصل کرنی ہے لیکن میں چاہتی تھی کہ سب کچھ چھوڑ کر اداکارہ بن جاؤں۔‘
اداکارہ نے بتایا کہ والدین کو خوش کرنے کے لیے قانون کی ڈگری لی لیکن پھر مجھے ’لا‘ پڑھنے میں مزہ بھی بہت آیا۔
درفشاں سلیم نے کہا کہ ’ایل ایل بی ڈگری حاصل کی ہے اس کے بعد اداکاری کرنا تھی، انٹرن شپ کی پریکٹس بھی سال کے وقفے کے دوران کرتی تھی اس کے بعد کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرا تعلق لاہور سے ہے اداکاری کرنے کے لیے کراچی آئی آڈیشن دینا شروع کیے اور سلیکٹ ہوگئی یہ نہیں جانتی تھی کہ مختصر کردار کرنا ہے یا مرکزی کردار نبھانا ہے بس اداکارہ بننے کا جنون تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ پہلا ڈرامہ ہانیہ عامر کے ساتھ کیا جس میں ڈارک میک اپ کیا گیا تھا جب اس کی قسط دیکھی تو خود سے کہا کہ یہ میں نے کیا کرلیا اب مجھے کام نہیں ملنے والا لیکن بعد میں آڈیشن دینے گئی تو کہا گیا کہ آپ نے رنگ گورا کرنے کے لیے ٹیکے لگوائے ہیں میں نے کہا کہ نہیں ایسا نہیں ہے۔
درفشاں سلیم نے بتایا کہ اس کے بعد ڈرامہ سیریل ’بھڑاس‘ اور ’پردیس‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ میرے ڈراموں کے اسکرپٹ والدہ پڑھتی ہیں، ’کیسی تیری خود غرضی‘ کا اسکرپٹ والدہ تک نہیں پہنچا تھا، والدہ کو پڑھنے کا شوق ہے تو وہ پڑھ کر مجھے سمجھا دیتی ہیں۔
واضح رہے کہ درفشاں سلیم نے حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’جیسے آپ کی مرضی‘ میں ’علیزے‘ کا کردار نبھایا تھا جس میں ان کے ہمراہ میکال ذوالفقار مرکزی کردار میں شامل تھے۔