زلزلے کے باعث اسلام آباد میں خداداد ہائیٹس میں دراڑیں پڑ گئیں

اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں زلزلے کے باعث خداداد ہائیٹس میں دراڑیں پڑ گئیں ، ٹیموں نے پڑنے والی دراڑوں کا جائزہ لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق زلزلے کے باعث وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں خداداد ہائیٹس میں دراڑیں پڑ گئیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ایمرجنسی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اور ریسکیو ٹیمیں خداداد ہائیٹس پہنچیں اور ہائیٹس میں پڑنے والی دراڑوں کا جائزہ لیا۔

ڈی سی کا کہنا ہے کسی قسم کے جانی ومالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں : خیبرپختونخوا میں زلزلہ : 9 افراد جاں بحق، 44 زخمی

چیئرمین سی ڈی اے نے زلزلے کے بعد وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں تمام عمارتوں کے سروے کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ بلڈنگ کنٹرول ایجنسی زلزلے سے متاثرہ عمارتوں کی نشاندہی کرے، سیکٹر ای 11 میں موجود ایسی عمارتوں کی نشاندہی کی جائے جن کو نقصان پہنچا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے رپورٹ 24 گھنٹے میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

یاد رہے پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ روالپنڈی میں ہائی رائزبلڈنگزمیں دراڑیں آنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے ، متاثرہ بلڈنگز کو خالی کرانے کیلئے ریسکیوٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔

پنجاب بھر کی انتظامیہ کو ہائی رائز بلڈنگز کو چیک کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا جائے۔

گذشتہ شب اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔

زلزلے سے درو دیوار ہل گئے، سامان بکھرگیا اور کئی عمارتوں میں دراڑیں پڑگئیں جبکہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکزکا کہنا تھا کہ ریکٹراسکیل پرزلزلےکی شدت چھے اعشاریہ آٹھ ریکارڈکی گئی، زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجکر سینتالیس منٹ پر آیا۔

زلزلے کا مرکز افغانستان میں نوہندوکش کا خطہ تھا،گہرائی ایک سواسی کلومیٹرتھی، زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیرکے دور دراز کے شہروں تک محسوس کیے گئے۔