تہران : ایران کے جنوبی صوبے کرمان میں 5.7 شدت کا زلزلہ آیا ، جس سے کئی شہر لرز اٹھے اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے جنوبی صوبے کرمان میں 5 اگست کی صبح 9 بج کر 37 منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی۔
جرمن ریسرچ سینٹر برائے جیوسائنسز نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ جھٹکے جنوبی اور جنوب مشرقی ایران کے کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مقامی حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں : روس میں زلزلہ اور سونامی وارننگ کے بعد دنیا بھر میں ہلچل
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کے فوراً بعد لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے، جبکہ بعض علاقوں میں موبائل نیٹ ورک متاثر ہونے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
یاد رہے کہ ایران کا جنوبی علاقہ زلزلہ خیز زون میں واقع ہے، جہاں وقتاً فوقتاً معمولی سے شدید نوعیت کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔ متعلقہ حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔