اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری دے دی جس کے تحت 7.4 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت 7.4 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی جو صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت فراہم کی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں گندم کی مصنوعات ایکسپورٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، گندم سے تیار مصنوعات کی ایکسپورٹ کی اجازت دینے سے قبل مشاورت ہوگی۔
اجلاس میں ٹریڈ پالیسی کے تحت انفرادی مصنوعات کی امپورٹ میں ڈیوٹی کی کمی اور 1263 میگاواٹ کے تھرمل پاور پلانٹ کی کمیشننگ کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اوگرا گیس کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا چکی ہے۔
The Federal Minister for Finance, Revenue, and Economic Affairs, Dr. Shamshad Akhtar presided over a meeting of the Economic Coordination Committee (ECC) of the Cabinet at Islamabad dated February 13th, 2024. pic.twitter.com/1AIx8nsoqI
— Ministry of Finance, Government of Pakistan (@Financegovpk) February 13, 2024
دوسری جانب، ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے پر آئی ایم ایف کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے میں دو روز باقی ہیں تاہم ای سی سی اجلاس میں اضافے کی سمری پر فیصلہ نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں گیس کی قیمتوں سے متعلق سمری پیش کی گئی جبکہ قیمتوں سے متعلق سمری پر مزید غور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو 15 فروری تک گیس قیمت میں اضافے کی یقین دہانی کروا رکھی ہے۔