سندھ بلوچستان اور کے پی کو ساڑھے 6 لاکھ ٹن گندم فراہمی کی ہدایت

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے سندھ، بلوچستان اور کے پی کو ساڑھے6لاکھ ٹن گندم فراہمی کی ہدایت کردی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت داخلہ کیلئے10 کروڑ روپے ٹیکنیکل گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مشیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے لیے گندم جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ای سی سی اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ سندھ، بلوچستان اور کے پی کو ساڑھے6لاکھ ٹن گندم دی جائے، پاسکو صوبوں کو براہ راست گندم دے تاکہ سپلائی بہتر ہو۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں گندم کی فراہمی کیلئے دو ارب 74کروڑ روپے کے اخراجات کی منظوری دی گئی۔

ای سی سی اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں گندم کے ذخائر 64لاکھ ٹن ہیں جبکہ گزشتہ سال گندم کے ذخائر ایک کروڑ ٹن تھے، اس وقت ملک میں گندم کے ذخائر ضرورت کے مطابق ہیں۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اجلاس میں وزارت انسانی حقوق کیلئے70 کروڑ 60 لاکھ تکنیکی گرانٹ کی منظوری اور وزارت داخلہ کیلئے10 کروڑ روپے ٹیکنیکل گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ میری ٹائم افیئرز کیلئے ٹیکس استثنیٰ کی سمری مزید غور کیلئے بھیج دی گئی ہے، اعلامیہ کے مطابق واپڈا کو ایک ارب سے زائد کے واجبات کراچی پورٹ کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس معاملے پر کمیٹی قائم کردی گئی جو دو ہفتے کےاندر رپورٹ پیش کرے گی، اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ حیب اللہ کوسٹل کمپنی کو گیس کی فراہمی کی سمری بھی منظورکرلی گئی ہے۔