رضاکارانہ پینشن : یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے لئے بڑی خبر آگئی

یوٹیلٹی اسٹور ملازمین

اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کے لیے 30 ارب روپے سے زائد کے پیکج کی منظوری دے دی گئی ، ملازمین کو رضاکارانہ پیشن ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے جبکہ ملازمین کے لیے 30.2 ارب روپے کا خصوصی پیکج بھی منظور کرلیا گیا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے ساتھ ملازمین کو رضاکارانہ پینشن (گولڈن ہینڈ شیک) کے طور پر 30 ارب روپے سے زائد فراہم کیے جائیں گے، وزارت صنعت نے ملازمین کے لیے یہ پیکج تجویز کیا تھا۔

اعلامیے میں کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے اثاثے رواں مالی سال کے دوران فروخت کیے جائیں گے اور ای سی سی نے ہدایت دی کہ یہ عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے سرکاری اداروں نے نیسپاک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسرِ نو تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔

نئے بورڈ کے لیے جاوید اسلم، محمد علی، پیر سعد احسن الدین، عمر حسن اور شہانہ احمد علی کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق امیدواروں کا انتخاب ان کے پیشہ ورانہ تجربے اور قابلیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور کمیٹی نے ہدایت کی کہ نامزدگیوں کا عمل بروقت اور مربوط انداز میں مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء ریاض حسین پیرزادہ، جام کمال خان سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔