معاشی عدم استحکام کے باعث کارپوریٹ کمپنیوں کے منافع میں کمی آنے لگی

معاشی عدم استحکام کے باعث کارپوریٹ کمپنیوں کے منافع میں کمی آنے لگی، انڈس موٹرز کا سالانہ منافع 39 فیصد کم ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معاشی عدم استحکام کے باعث پاکستان میں خدمات سرانجام دینے والی کارپوریٹ کمپنیاں بھی مشکلات کا شکار نظر آتی ہیں اور ان کے منافع میں خاطر خواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے، انڈس موٹرز کا سالانہ منافع 39 فیصد کم ہوکر 9.66 ارب روپےہوگیا ہے۔

انڈس موٹرز کی جانب سے 30 جون کو ختم ہونے والے سال کے لیے مالی نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جس میں منافع کی کمی کا انکشاف ہوا ہے۔

گاڑیوں کے فروخت کے حجم میں اس سال کمی آئی ہے اور انڈس موٹرز کے تیار کردہ گاڑیوں کے یونٹس 58 فیصد کم ہو کر 31,602 رہ گئے ہیں۔

مالی نتائج کے مطابق انڈس موٹرز نے گزشتہ مالی سال کے دوران 75,611 یونٹس فروخت کیے تھے جب کہ اس سال معاشی عدم استحکام کے باعث فروخت کامی کم ہوئی ہے۔

سی ای او انڈس موٹرز اصغر جمالی نے کہا کہ پاکستان میں آٹوموبائل انڈسٹری کو بدترین معاشی بدحالی کا سامنا ہے، بلند شرح سود، زائد ڈیوٹی، ٹیکسوں کی وجہ سے کاروں کی فروخت ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔