اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اسلام آباد پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی پر چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے آئی جی اسلام آباد کو ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کو گرفتار کرکے کل الیکشن کمیشن میں پیش کریں۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی کی بنا پر جاری کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں ای سی پی نے چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو الیکشن کمیشن اور ان کے ارکان کے خلاف نامناسب ریمارکس دینے اور الزامات لگانے پر نوٹس جاری کیے تھے۔
نوٹس میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف 12، 18، 21، 27۔ 4 اور 8 اگست کو اپنی ریلیوں میں توہین آمیز زبان استعمال کی۔
گزشتہ دنوں سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے تحریری معافی نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔