عام انتخابات کی تاریخ : الیکشن کمیشن کے وفد کی آج شام صدر مملکت سے ملاقات کا امکان

الیکشن کمیشن افسران

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے آج شام صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کا امکان پے ، جس میں عام انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر صدر مملکت عارف علوی سے مشاورت کے معاملے ہر چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری سمیت الیکشن کمیشن کے ممبران شریک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سپریم کورٹ میں ہونیوالی سماعت پر بریفنگ دی ، سیکریٹری الیکشن کمیشن، چیف الیکشن کمشنرکےساتھ مشاورت کریں گے اور اٹارنی جنرل، صدر مملکت سے ملاقات کا وقت لے کر الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں گے۔

ذرائع نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے آج شام صدر مملکت سے ملاقات کا امکان ہے ، سیکر ٹری الیکشن کمیشن وفد کی قیادت کریں گے ، ملاقات میں عام انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کی جائے گی۔

یاد رہے سپریم کورٹ نے انتخابات کی تاریخ دینےسےقبل صدرمملکت سےمشاورت نہ کرنے پراظہاربرہمی کیا اور وکیل الیکشن کمیشن کو حکم دیا صدرمملکت سے آج ہی رابطہ کریں اور کل تک سپریم کورٹ کو فیصلے سے آگاہ کیا جائے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان سپریم کورٹ سے ہوگا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے انتخابات کی جو بھی تاریخ رکھی جائے اس پرسب کے دستخط ہوں اوراس تاریخ میں کسی قسم کی توسیع نہیں ہوگی، جو تاریخ دی جائےاس پرعملدرآمد کرنا ہوگا۔ صدراورالیکشن کمیشن کےاختیارات نہیں لے رہے۔

چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ادارے ترقی کریں، پارلیمنٹ اپنا کام کرے اور صدراپنا کام کریں، ہرکسی کو اپنا کام خود کرنا ہوگا، ہم دوسروں کاکام نہیں کریں گے۔