اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست جاری کردی، جس کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد 135 تک پہنچ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سیاسی جماعتوں کی تازہ ترین فہرست جاری کی گئی، جس کے مطابق ایک سال کے دوران نئی سیاسی جماعتوں کا اندراج ہوا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 8 نئی سیاسی جماعتوں کے اندراج کے بعد الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد135 تک پہنچ گئی جن مین سے صرف 16 پارلیمان کا حصہ ہیں۔
رجسٹرڈ ہونے والی نئی سیاسی جماعتیں
نئی رجسٹرڈ جماعتوں میں عوامی تحریک،پاکستان محافظ پارٹی (نیشنل)، قومی عوامی تحریک پاکستان، پاکستان تحریک اتحاد، فرسٹ ڈیموکریٹ فرنٹ،پاکستان پیپلزالائنس، پاکستان عام آدمی موومنٹ،کسان اتحاد شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس سیاسی جماعتوں کے اندراج کے حوالے سے بھی درخواستیں موصول ہوئیں ہیں، جن میں سے کچھ کو مسترد بھی کیا گیا۔
الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعت رجسٹرڈ کروانے کا طریقہ کار
پالیٹیکل پارٹیز آرڈیننس 2022 کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت کے اندراج کا طریقہ کار نہایت آسان اور سادہ ہے، خواہش مند جماعت کو اپنے منشور کے پرنٹ آؤٹ کی کاپی، بینک اکاؤنٹ ، پارٹی سربراہ اور رہنماؤں کے نام الیکشن کمیشن کو فراہم کرنا ہوتے ہیں۔
اس سے زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ سیاسی جماعت کا اندراج کروانے کی کوئی فیس بھی مقرر نہیں کی گئی ہے۔
انتخابی قوانین کے مطابق ہر جماعت کو انتخابی نشان حاصل کرنے سے قبل انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد کر کے نتائج جمع کرانا لازمی ہیں جبکہ پرانی سیاسی جماعتوں کو پارٹی انتخابات سے استشنیٰ ہے البتہ انہیں اپنے تنظیمی رہنماؤں کے نام ایک درخواست کے ساتھ الیکشن کمیشن کا ارسال کرنا لازمی ہیں۔