سابق ملکہ حسن کے بہیمانہ قتل کی فوٹیج سامنے آگئی

ایکواڈور میں سابق ملکہ حسن کا ریسٹورنٹ کے اندر بہیمانہ قتل

ایکواڈور میں نامعلوم مسلح افراد نے سابق ملکہ حسن لینڈی پارراگا گوئبرو کو ریسٹورنٹ کے اندر گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لینڈی پارراگا گوئبرو کا تعلق بدنام زمانہ گروہ کے سرغنہ سے تھا جسے وہ خفیہ رکھنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

ریسٹورنٹ میں نصب سی سی ٹی وی کی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ کس طرح دو مسلح افراد نے ریسٹورنٹ میں داخل ہو کر لینڈی پارراگا گوئبرو کو قتل کیا جب وہ کسی شخص کے ساتھ محور گفتگو تھیں۔

ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ بعدازاں جائے وقوعہ سے سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا گیا کہ سابق ملکہ حسن ریسٹورنٹ کے فرش پر خون میں لت پت پڑی ہیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

لینڈی پارراگا گوئبرو سابق مس ایکواڈور تھیں جنہوں نے 2022 میں صوبہ لاس ریوس کی نمائندگی کی تھی۔ مقتولہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دس لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔

صرف 23 سال کی عمر میں وہ سامان کی درآمد کرنے والی ایک کمپنی کی مالک تھیں۔ وہ گزشتہ دسمبر میں اُس وقت سرخیوں میں آئی تھیں جب منشیات کے اسمگلر لیانڈرو نوررو اور اس کے اکاؤنٹنٹ ہیلیو انگولو کے درمیان بات چیت میں ان کا نام سامنے آیا تھا۔