پنجاب کے شہری 14 ہزار گندے انڈے کھانے سے بچ گئے

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے 14 ہزار سے زائد گندے انڈے تلف کر دیے

ملتان (15 اگست 2025): پنجاب کے شہری مردہ مرغی کے گوشت کے بعد ہزاروں کی تعداد میں گندے انڈے کھانے سے بچ گئے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملتان میں 14 ہزار سے زائد گندے انڈوں سے بھری گاڑی پکڑ لی جبکہ ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا، خراب انڈوں کو فوری تلف کر دیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی ناگ شاہ چوک پر کی گئی جبکہ سپلائرز کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا اسلام آباد میں گدھے کا گوشت فروخت ہورہا ہے؟

قبل ازیں، ساہیوال میں کوٹ خادم میں کارروائی کے دوران بیمار و لاغر جانوروں کا 800 کلو گوشت برآمد ہوا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی موجودگی میں ناقص و مضر صحت گوشت تلف کر دیا گیا۔

اتھارٹی نے بتایا کہ بیف شاپ کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا جس کے خلاف تھانہ فرید ٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا۔

دو روز قبل ڈولفن فورس نے کارروائی کرتے ہوئے 10 من مردہ مرغی کا گوشت لاہور پہنچنے سے پہلے برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

پولیس نے بتایا تھا کہ دو ملزمان مریدکے سے لاہور مردہ مرغی کا گوشت سپلائی کر رہے تھے جنہیں گاڑی سمیت حراست میں لے لیا گیا۔

ایس پی موبائلز ارسلان زاہد کا کہنا تھا کہ مضر صحت گوشت کو تلف کرنے اور دیگر کارروائی کیلیے محکمہ فوڈ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔