ایک مصری انجینئر کو کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مذاق کرنا مہنگا پڑ گیا اور سنگین مذاق کی پاداش میں اسے وہاں سے واپس ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصری انجینیئر نے وطن واپسی سے قبل سیکیورٹی چیک پوسٹ سے گزرتے ہوئے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں سے مذاق میں اپنے نجی سامان میں بم کی اطلاع دی تھی تاہم اس کے سامان کی تلاشی لی گئی جس میں کوئی قابل اعتراض چیز نہیں نکلی تھی۔
مصری انجینیئر کی رپورٹ الجلیب پولیس سٹیشن کی گئی اور اسے وہاں لے جایا گیا جہاں اس نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ اس نے جو کہا تھا وہ مذاق تھا جس کے بعد یہ معاملہ فوری طور پر سیکریٹری داخلہ انور البرجس کو بھیجا گیا جس میں مصری انجینیئر کی کویت سے فوری بے دخلی کی سفارش کی گئی۔
سیکیورٹی اہلکار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایئرپورٹ سیکیورٹی ریڈ لائن ہے، اس حوالے سے مذاق میں کہی ہوئی بات کا بھی نوٹس لیا جاتا ہے۔