خیبر پختونخوا حکومت نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے احساس اپنا گھر اسکیم پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی حکومت نے احساس اپنا گھر اسکیم پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے اور کم آمدن والے افراد کو اپنا گھر بنانے کے لیے بلاسود قرض کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کامیاب درخواست دہندگان کو بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کیے۔
کے پی حکومت نے احساس اپنا گھر اسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے 4 ارب روپے مختص کیے ہیں اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے درخواست دہندگان کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے بعد کامیاب درخواست گزاروں کو قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ احساس اپنا گھر اسکیم صوبائی حکومت کا فلیگ شپ اور غریب پرور منصوبہ ہے اور کم آمدن والوں کو اپنی چھت فراہمی کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کا حصہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عنقریب مستحق گھرانوں کو سولر سسٹمکی فراہمی کا منصوبہ بھی شروع کر رہے ہیں۔ احساس اپنا گھر اور سولر اسکیم میں 100 فیصد شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ عوام کا مشکور ہوں کہ انہوں نے بھی اس سلسلے میں کسی سیاسی سفارش کا سہارا نہیں لیا۔
احساس اپنا گھر اسکیم کے لیے اہلیت:
اس اسکیم کے تحت 18 سے 65 سال کی عمر کے وہ افراد جن کی ماہانہ آمدن ڈیڑھ لاکھ سے کم ہو، وہ قرض لینے کے اہل ہوں گے۔ درخواست گزاروں کو 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے دیے جائیں گے جب کہ یہ قرض سات سال کی مدت میں آسان اقساط میں واپس کرنا ہوگا۔
اسکیم کے تحت آبادی کے تناسب کی بنیاد پر صوبے کے تمام اضلاع میں قرضے دیے جا رہے ہیں جب کہ ریوالونگ فنڈ سسٹم کے ذریعہ آئندہ سالوں میں بھی قرضے دیے جائیں گے۔
پہلے مرحلے کے لیے ایک لاکھ 23 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔ 18 ہزار 555 درخواستیں شرائط پر پوری اتریں۔