سعودی عرب، خلیجی اور یورپی ممالک میں عیدالفطر کا چاند نظر نہیں آیا لہذا یکم شوال (عید کا پہلا دن) 10 اپریل بروز بدھ ہو ہو گی۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب، یواےای، کویت، بحرین، فلسطین اور قطر سمیت مشرقِ وسطیٰ میں عید کا چاند نظر نہ آنے کا سرکاری طور پر اعلان کیا گیا ہے۔
برطانیہ، آسٹریلیا، بیلجیم اور جرمنی سمیت مغربی ممالک میں مسلم کمیونٹیز نے اپنے اپنے طور پر چاند کی شہادت موصول نہ ہونے پر بدھ کو عید منانے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان، بھارت، بنگلادیش، افغانستان اور جنوبی ایشیائی ممالک میں کل یعنی منگل کو چاند رات ہو گی اور ان ممالک کی مقامی رویت ہلال کمیٹیاں چاند کی شرعی رویت کا اعلان کریں گی۔
عمومی طور پر پاکستان قمری اعتبار سے سعودی عرب سے ایک روز پیچھے ہوتا ہے مگر امسال دونوں ممالک میں عید ایک ہی دن ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان میں کل مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا اور محکمہ موسمیات سمیت ماہرین فلکیات نے کل پاکستان میں چاند نظر آنے کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل ملک کے اکثر حصوں میں مطلع صاف ہوگا اور انسانی آنکھ سے نظر آنے کے لیے چاند کی عمر بھی پوری ہوگی۔