مستونگ دھماکا: سہولت کاری اور ملوث ہونے کے شبہ میں 8 افراد زیرِ حراست

مستونگ دھماکا

کوئٹہ : مستونگ دھماکے کی سہولت کاری اور ملوث ہونے کے شبہ میں آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا تاہم خود کش حملہ آور کا کوئی ڈیٹا موصول نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی بلوچستان کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مستونگ خود کش دھماکا کی تحقیقات جاری ہے اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کےساتھ مختلف آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بارہ ربیع الاول کومستونگ میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کے حملہ آور کا کوئی ڈیٹا موصول نہیں ہوا، حملہ آور کی شناخت کیلئے دیگرذرائع بھی استعمال کررہے ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ ڈی این اے اور فرانزک رپورٹس تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں تاہم واقعہ کی تحقیقات میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں برتی جا رہی تاہم رزلٹ میں کچھ وقت لگے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے واقعہ میں ملوث ہونے اورسہولت کاری کے شبہ میں آٹھ افراد کوحراست میں لیا گیا ہے, حراست میں لیے گئے افراد کی نشاندہی پر مزید کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

یاد رہے مستونگ میں گزشتہ جمعہ کوبارہ ربیع الاول کے جلوس پرخودکش حملے میں ساٹھ افراد شہید اورسوسے زائد زخمی ہوئے تھے۔