ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اگر حکومت میں آئے تو ملک میں صحت اور تعلیم کیلیے ایمرجنسی لگائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور این اے 242 سے امیدوار مصطفیٰ کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے آئین میں بنیادی تبدیلی اور 3 ترامیم چاہتے ہیں اور یہ ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے۔ آئینی ترامیم ہوں گی تو اختیارات نچلی سطح پر آئیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم وزارت عظمیٰ کے لیے کسی کی بھی حمایت کر سکتی ہے۔ وزیراعظم بننے کیلیے صرف انہیں ووٹ دینگے جو آئینی ترمیم کرائیں گے اور اگر اقتدار میں آئے تو آئینی ترمیم کے ذریعے ملک میں 10 سال کے لیے صحت اور تعلیمی ایمرجنسی لگائیں گے۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا ریونیو انجن ہے جو تباہ ہو رہا ہے۔ سارا ملک 4،3 شہروں میں سمائے تو افادیت ختم ہو جاتی ہے اس لیے ہم 100 سے زائد شہر بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے اپنی رابطہ اور انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔ ہمارے منشور کو لوگوں نے دیکھا اور سراہا ہے کیونکہ ہمارا منشور عوام کی بہتری کے لیے ہے اور اس میں لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے آئینی ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔