8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز پر متعین سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 8 فروری کو قومی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہو رہے ہیں جس کی تیاریاں آخری مراحل میں جاری ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ والے دن پولنگ اسٹیشنز پر متعین سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔
کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن والے دن سیکیورٹی اہلکار تمام پولنگ اسٹیشنز کی ڈیوٹی پر موجود ہوں گے اور پُر امن ماحول کو یقینی بنائیں گے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق ووٹنگ کے بعد میں بیلٹ پیپرز کی بہ حفاظت نقل وحرکت کی ذمے داری سیکیورٹی اہلکاروں پر عائد ہو گی۔
الیکشن کمیشن نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی اہلکار صاف وشفاف اور پُر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہر اقدام بروئے کار لائیں گے۔