الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2023 قومی اسمبلی سے منظور ہوگیا ہے جس کے بعد سابق وزیراعظم اور قائد ن لیگ نواز شریف کے سر سے تاحیات نا اہلی کی تلوار ہٹ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا جس میں فنانس بل 2023 اور آئندہ مالی سال 2023-24 کے بجٹ کی منظوری کے ساتھ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ یہ بل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سپلیمنٹری ایجنڈے کے طور پر ایوان میں پیش کیا۔ سینیٹ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔
اس بل کی منظوری سے سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے تاحیات قائد نواز شریف کے سر سے تاحیات نا اہلی کی تلوار ہٹ گئی بلکہ استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین سمیت دیگر کے لے بھی اہلیت کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
بل میں آرٹیکل 62 ایف کے تحت الیکشن ایکٹ میں ترمیم تجویز کی گئی ہے۔ منظور شدہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کے مطابق نا اہلی کی مدت 5 سال سےزیادہ نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے شیڈول اور تاریخ کے اعلان کا اختیار واپس مل گیا ہے۔ اب الیکشن کمیشن صدر سے مشاورت کے بغیر عام انتخابات کی تاریخ دے سکے گا۔