میئر ڈپٹی میئر، گرفتار ووٹرز سے متعلق الیکشن کمیشن کا اہم بیان

صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں جو بھی ووٹرز گرفتار ہیں ان کو پہنچانے کے آرڈرز دیئے گئے ہیں۔

ایک بیان میں اعجاز انور چوہان نے کہا کہ سندھ میں ماضی کے مقابلے میں بلدیاتی انتخابات کا عمل بہتر رہا کراچی دنیا کے 50 سے زائد ممالک سے بڑا ہے کراچی کےمیئر اورڈپٹی میئر کےانتخابات اہمیت کےحامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کا مرحلہ بہتر طریقے سے مکمل کرنے کیلئے قانون نافذ کرنیوالےاداروں سےرابطے میں ہیں، آئی جی سندھ نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منگل کو میئر و ڈپٹی میئر کےعہدے کیلئے تمام امیدواروں کا اجلاس طلب کیا ہے اجلاس میں الیکشن کے لیے متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا چیف سیکریٹری اور ڈی جی رینجرز کو بھی کہا ہے امن وامان برقرار رکھا جائے۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ کےایم سی ہال میں سی سی ٹی وی کیمرےلگانے کا بھی کہا گیا ہے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں جو بھی ووٹرز گرفتار ہیں ان کو پہنچانے کے آرڈرز دیئے گئے ہیں الیکشن کمیشن کی طرف سے 19جون کو تقریب حلف برداری ہو گی۔