پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور تیار، کل اعلان متوقع

پی ٹی آئی سمیت کوئی بھی جماعت رابطہ کرے تو مذاکرات ہو سکتے ہیں، پیپلز پارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور تیار کر لیا گیا ہے جس کا اعلان چیئرمین بلاول بھٹو کل (27 دسمبر) کو لاڑکانہ یا کراچی میں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور تیار کر لیا گیا ہے۔ یہ منشور ماہرین کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے جس کا اعلان پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے والدہ کی برسی کے موقع پر لاڑکانہ جلسے یا کراچی میں پریس کانفرنس میں کریں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا منشور کتابچے کی صورت میں تیار کیا گیا ہے جس میں اس کی سابق حکومت کی کامیابیوں کو حصہ بنایا گیا ہے جس میں سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا توسیع پلان، یوتھ کارڈ، مزدور اور کسان کارڈ کی توسیع جیسے پروگرام شامل ہیں۔

منشور میں ’’بلاول آئے گا روزگار لائے گا‘‘ کا نعرہ بھی شامل کیا گیا ہے جب کہ تخفیف غربت، سماجی تحفظ، بجلی پیداوار، روزگار میں اضافے اور کاروباری صنعت کیلیے سبسڈیز پیکجز بھی منشور کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

انتخابی منشور میں مہنگائی کا خاتمہ، شہریوں کی قوت خرید بہتر بنانے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں نمایاں اضافہ، شعبہ زراعت کی ترقی کیلئے منصوبے، کسانوں کو سستے بیج اور کھاد کی فراہمی اور بجلی پر سبسڈی پلان جیسے نکات بھی شامل ہیں۔