الیکشن 2024 پاکستان: 250 سے زائد حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل

بیلٹ پیپرز چھپائی

اسلام آباد: قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ڈھائی سو سے زائد حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہوگئی اور انتخابی نشانات اور دیگر معاملات سے متعلق 90 فیصد کیسز نمٹادیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں 8 فروری کو ہونے والے الیکشن کے لئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ڈھائی سو سے زائد حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کرلی گئی۔

قومی اسمبلی کے دو سو چھیاسٹھ اور صوبائی اسمبلیوں کے پانچ سو ترانوے حلقوں کیلئے بیلٹ پیپرز چھاپے جارہے ہیں۔

عدالتوں میں انتخابی نشانات اور دیگر معاملات سے متعلق نوے فیصد کیسز نمٹادیے گئے ہیں، صرف دس فیصد کیسز پر فیصلے ہونا باقی ہے۔

دوسری جانب امیدوار پوسٹر، بینرز اور پمفلٹ پر کسی سرکاری اہلکار یا افسر کی تصویر نہیں لگاسکتا۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنرز کو مراسلہ ارسال کردیا ہے ، جس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو اس حوالے سے کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔