اسلام آباد: وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسن الرحمان مزاری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مجھے نہیں لگتا عام انتخابات وقت پر ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر احسن الرحمان مزاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ورکر کے طور پر میری رائے میں انتخابات اکتوبر سے آگے جائیں گے، جو آئین میں ہے اس کے مطابق ہی توسیع ہوگی، غیر آئینی کچھ نہیں ہوگا۔
احسان الرحمان مزاری نے کہا کہ طے ہوا تھا کہ جو وزارت جس جماعت کی ہوگی اس کی تعیناتیاں بھی اسی کا حق ہوگا، یہ وزارت ہمارے پاس ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں ہمارا بندہ ہی ہونا چاہیے تھا، چیئرمین نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ میں پیپلز پارٹی کی مرضی سے نہیں لگائے گئے۔
انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ شکایات آئی ہیں کہ دو ریجنز میں بوگس کلبز بنا کر ووٹنگ رائٹس دیے گئے ہیں، ان شکایات پر پی سی بی کو لیٹر بھیج کر تفصیلات طلب کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کمیٹی سے مالی معاملات اور تعیناتیوں کی تفصیلات طلب کی ہیں، بتایا جائے پچھلے 4 ماہ میں کس کو نکالا اور کس کو رکھا گیا، معاملے کی انکوائری کے پراسس کا آغاز کر دیا۔
’’مجھے نہیں لگتا عام انتخابات وقت پر ہوں گے‘‘، وفاقی وزیر احسان مزاری کا اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو#ARYNews pic.twitter.com/Hfb1FxF1hb
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) May 7, 2023