اسلام آباد: منافع بخش بجلی کمپنیوں کی نجکاری کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق تین بجلی کمپنیوں کو نجی شعبے کے سپرد کرنے کے لیے فنانشنل ایڈوائزر ہائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں تین منافع بخش کمپنیز کے لیے فنانشنل ایڈوائزر ہائر کیے جائیں گے۔ فیسکو، گیپکو، آئیسکو کے لیے سب سے پہلے انہیں ہائر کیا جائے گا۔
نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ فنانشنل ایڈوائزر تعیناتی کے لیے ریکوئسٹ فار پروپوزل جاری کردیا۔
کمیشن کے مطابق فنانشل ایڈوائزر کوالٹی اینڈ کاسٹ بیسڈ سلیکشن کے ذریعے منتخب ہوں گے، ان کے پاس ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز کا بین الاقوامی سطح کا تجربہ لازمی ہونا چاہیے۔
فنانشل ایڈوائزر کم از کم دو ممالک کی بجلی کمپنیوں کی کامیاب فروخت کا تجربہ رکھتا ہو جبکہ ان کے لیے ڈسکوز میں نجکاری کے ماڈل سے ڈیلنگ کا عالمی تجربہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ڈسکوز کو نجی شعبے کے سپرد کرنے کے لیے فنانشل ایڈوائزری سروس ایگریمنٹ بھی کیا جائے گا۔