اگلے 3 ماہ بجلی کے بلوں سے متعلق صارفین کے لیے اہم خبر

بجلی صارفین کو اگست، ستمبر اور اکتوبر کے بلوں میں ریلیف ملنے کی توقع

اسلام آباد : بجلی صارفین کو اگست، ستمبر اور اکتوبر کے بلوں میں ریلیف ملنے کی توقع ہے، جس سے مہنگائی کے شکار عوام کو کچھ ریلیف ملنے کی امید ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے خوشخبری آگئی ، بجلی کی قیمت میں مزید0.77 روپے بشمول ٹیکس فی یونٹ کمی کا امکان ہے۔

قیمتوں میں یہ ممکنہ کمی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی جائے گی، جس سے مہنگائی کے شکار عوام کو کچھ ریلیف ملنے کی امید ہے۔

بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) میں جمع کرائی، جس پر 4 اگست 2025 کو باقاعدہ سماعت کی گئی۔

اس درخواست کے مطابق چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1.89 روپے فی یونٹ تک کی کمی متوقع ہے۔

مزید پڑھیں : صارفین کو اب بجلی کا بل کس شکل میں دیا جائے گا؟ بڑی خبر آگئی

حکام نے بتایا کہ ترمیمی معاہدوں کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی آئی، جو اس منفی ایڈجسٹمنٹ کی بنیادی وجہ قرار دی جا رہی ہے۔ اسی تناظر میں اگست کے بلوں میں 0.34 روپے فی یونٹ مزید کمی کی جائے گی۔

اس کے علاوہ جون 2025 کے مہینے کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست بھی 16 جولائی کو نیپرا میں جمع کرائی گئی، جس کے تحت اگست کے بلوں میں 0.78 روپے فی یونٹ کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ جولائی 2025 کے بلوں میں بھی صارفین کو منفی 0.50 روپے فی یونٹ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ واپس ملی تھی، اور اب اگست میں 0.28 روپے فی یونٹ کی مزید کمی متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر نیپرا نے ان تجاویز کی منظوری دے دی، تو عوام کو اگست، ستمبر اور اکتوبر کے بجلی کے بلوں میں واضح ریلیف حاصل ہوگا، جو مہنگائی کے موجودہ حالات میں ایک خوش آئند اقدام ہو گا۔