اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کیلیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں مزید اضافہ کر کے مشکلات بڑھا دیں۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 76 پیسے اضافہ کر کے وفاقی حکومت کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔
مذکورہ اضافہ 24-2023 کی تیسری سہ ماہی کی مد میں کیا گیا۔ جون میں 1 روپے 90 پیسے، جولائی اور اگست میں تیرانوے، تیرانوے پیسے فی یونٹ وصول کیے جائیں گے۔
قیمتوں میں اضافے کا حتمی نوٹیفکیشن وفاقی حکومت جاری کرے گی۔ جون میں ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ مد میں بڑے اضافے کا امکان ہے۔ جون کے بلوں میں ایڈجسٹمنٹ کا فی یونٹ بوجھ آٹھ روپے چودہ پیسے ہونے کا خدشہ ہے۔
اس سے قبل اے آر وائی نیوز نے خبر دی تھی کہ بجلی صارفین پر 310 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ سی پی پی اے نے نئے مالی سال کیلیے پاور پرچیز پرائس کے تعین کی درخواست کی تھی۔
آئندہ مالی سال سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5 روپے فی یونٹ تک اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ سی پی پی اے نے درخواست میں پاور پرچیز پرائس کے 7 منظر نامے پیش کیے تھے جس میں پاور پرچیز پرائس کیلیے 25 روپے 3 پیسے سے 27 روپے 11 پیسے فی یونٹ کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔