نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی، اضافہ بجلی کی قیمت خرید کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا نے تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی کی اضافی قیمت وصول کرنے کی منظوری دے دی۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 14 ارب 78 کروڑ روپے کا بوجھ صارفین پر ڈالنے کی اجازت دی ہے۔

فیصلے کے تحت مالی سال 20-2019 کی پہلی سہ ماہی میں بجلی کی قیمت خرید کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 14.56 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا جائے گا۔ مذکورہ اضافوں کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

تقسیم کار کمپنیوں نے ٹرانسمیشن نظام میں نقصانات کی مد میں 11 ارب 20 کروڑ روپے، مہنگے ایندھن کی لاگت کی مد میں 3 ارب 50 کروڑ روپے اور او اینڈ ایم چارجز کی مد میں 3 ارب 46 کروڑ روپے اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔

نیپرا نے اس سے قبل بھی رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں تقسیم کار کمپنیوں کو فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں 71 ارب 20 کروڑ روپے وصول کرنے کی اجازت دی تھی۔