بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع جش پور میں جنگلی ہاتھی نے لڑکی سمیت 4 افراد کی جان لے لی۔ ہلاک ہونے والے 3 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب ہاتھی نے سڑک کنارے ایک گھر پر حملہ کر کے اسے شدید نقصان پہنچایا جس میں باپ، بیٹی اور چچا ہلاک ہوئے۔
شور شرابا سن کر جب پڑوس کا ایک نوجوان باہر نکلا تو ہاتھی نے اس پر بھی حملہ کر دیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، نوجوان کی عمر 28 سال ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور واقعے سے متعلق کارروائی شروع کی۔ محکمے کی جانب سے ہاتھی کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ وہ مزید کسی کو نقصان نہ پہنچائے۔
مقامی افراد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہاتھی نے جب باپ بیٹی پر حملہ کیا تو چچا کو لگا وہ آپس میں لڑ رہے ہیں، جب چچا بھائی اور بھتیجی کو دیکھنے پہنچا تو ہاتھی نے اسے بھی روند دیا۔
جش پور میں ایک ماہ کے دوران ہاتھی کے حملوں میں اب تک 9 افراد جانیں گنوا چکے ہیں۔ علاوہ مکین خوف مین مبتلا ہیں اور ان حملوں کے سدباب کیلیے حکام سے درخواست کر رہے ہیں۔
ادھر، محکمہ جنگلات نے حملے کرنے والے ہاتھی کو کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
مقامی حکومت نے حملے میں ہلاک ہونے والے 4 افراد کے لواحقین کیلیے 25 ہزار روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔