لندن میں ماں اور 11 سالہ بچی کو چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے زخمی کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لندن کے علاقے لیسٹر اسکوائر میں 11 سالہ بچی کو ملزم نے چاقو کے وار کرکے شدید زخمی کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی پر حملہ کرنے والے 32 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
لندن پولیس کا کہنا ہے کہ چاقو کے وار سے بچی کی والدہ بھی زخمی ہوئیں تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بچی پر حملہ سینٹرل لندن کے مصروف علاقے میں کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تحقیقات جاری ہیں، فی الحال یہ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ اس حملے کا تعلق حالیہ فسادات سے ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی پولیس رواں ماہ کے شروع میں کئی دنوں کے فسادات کے بعد سے ہائی الرٹ ہیں۔
خیال رہے کہ برطانیہ علاقے ساؤتھ پورٹ کے ایک ڈانس اسکول میں تین کمسن بچیوں کی ہلاکت کے بعد ملک کے متعدد شہروں میں پرتشدد مظاہروں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا اور بلوائیوں نے کافی ہنگامہ آرائی کی تھی۔
اس حملے کے بعد 29 جولائی کو باقاعدہ سوشل میڈیا پر متنازع خبریں پھیلائی گئیں کہ حملہ کرنے والا مسلمان شخص تھا جو سیاسی پناہ کا متلاشی تھا اور سال 2023 میں کشتی کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے برطانیہ پہنچا تھا۔
اس جھوٹی خبر کے وائرل ہونے کے بعد برطانیہ میں امیگریشن اور مسلم مخالف پرتشدد مظاہروں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جس میں متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔