اسلام آباد : سی ڈی اے نے سپریم کورٹ میں دو شاپنگ مالز سمیت13منصوبوں میں ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کی تحقیقاتی رپورٹ جمع کرادی، تجاوزات کیخلاف 139 آپریشنز کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں اسلام آباد تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی اس موقع پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نےاسلام آباد میں دو شاپنگ مالز سمیت13منصوبوں میں ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کی تحقیقات سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مونال ریسٹورنٹ، لا مونٹانا کو زمین الاٹمنٹ کی تحقیقات، ڈسپنسری کی زمین پر صفا گولڈ مال کے قیام کی بھی تحقیقات اور سنٹورس مال کے پلاٹ کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔
اس کے علاوہ من پسند افراد کو اسکول پلاٹس، جی 9میں سینما پلاٹ کی الاٹمنٹ کی تحقیقات، گن کلب، سید پور ولیج، لیک ویو پارک میں غیرقانونی الاٹمنٹس کی تحقیقات، ڈپلومیٹک شٹل سروس، کوورڈ مارکیٹ میں اضافی دکانوں کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تجاوزات کیخلاف 139 آپریشنز میں 1293تعمیرات مسمار کی گئیں، غیرملکی سفارتخانوں کو وزارت خارجہ کے ذریعے تجاوزات ہٹانے کا کہا گیا، سفارت خانوں نے ازخود تجاوزات نہ ہٹائیں تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
تحقیقاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو فنڈ حکومت نہیں سی ڈی اے دے رہا ہے، سی ڈی اے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو19 ارب روپے قرض دے چکا ہے۔
سی ڈی اے قرض کی ادائیگی وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت دے رہا ہے، لوکل گورنمنٹ کو قرض دینے سے سی ڈی اے مالی مشکلات کا شکار ہے۔