اسلام آباد : وزیرتوانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ حکومت کو توانائی سیکٹر میں درپیش چیلنجز پر قابو پانا ضروری ہے ، توانائی کے متبادل ذرائع کے حصول کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیرتوانائی عمر ایوب نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی میرٹ اور شفافیت کی پالیسی پر گامزن ہے چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں نیپرا مزید کام کرے گا۔
وزیرتوانائی کا کہنا تھا کہ توانائی سیکٹر کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت کو توانائی سیکٹر میں درپیش چیلنجز پر قابو پانا ضروری ہے ، توانائی سیکٹرمیں بہتری لانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔
عمرایوب نے کہا 2030 میں توانائی کا 70فیصد حصول اپنےوسائل سے ترجیح ہے ، صارفین کی شکایات کا جلد ازالے کیلئے مؤثر نظام بنایا جائے گا، حکومت توانائی کے متبادل ذرائع کے حصول کیلئے اقدامات کررہی ہے اور عوام کی زندگیوں میں بہتری کیلئے کوشاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافے کے لئے توانائی کی پیداوار کو بڑھانا ہے، سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی میں اہم کردارادا کرے گا، بلکہ زراعت اور تکنیکی شعبوں میں بہتری آئے گی۔
وزیرتوانائی نے مزید کہا کہ جدیدٹیکنالوجی کے استعمال سے ترقی کی رفتارمیں تیزی آئے گی، نئی ٹیکنالوجی کےاستعمال سے توانائی شعبوں میں بہتری آئے گی، جدید ٹیکنالوجی سے توانائی کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جاسکتی ہے، ٹرانسمیشن لائنزمیں بہتری سے بجلی کا ضیاع روکاجاسکتاہے۔