کراچی میں لوڈ شیڈنگ کی موجودہ صورتحال پر وفاقی وزیر توانائی نے کیا کہا؟

خرم دستگیر

کراچی میں لوڈ شیڈنگ کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ کراچی کے 70 فیصد صارفین کے لیے کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر توانائی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ شہر قائد کے 70 فیصد صارفین کے لیے کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔ جں علاقوں میں بلوں کی ادائیگی کم ہے وہاں معمول کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ سمندری طوفان کے باعث جہاز رانی کے حوالے سے بھی وارننگ موجود تھی جس سے ایل این جی کی سپلائی متاثر ہوئی۔ انھوں نے انکشاف کیا کہ بیپر جوائے کی وجہ سے دی جانے والی وارننگ کے باعث کے الیکٹرک کی ایل این جی سپلائی معطل ہوئی تھی۔

کراچی میں صنعتوں کو بجلی کی ترسیل کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ شہر میں صنعتوں کے لیے کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے جبکہ سمندری طوفان کی وجہ سے بجلی کی ترسیل پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔

ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں انھوں نے بتایا کہ طوفان کی آمد کو مد نظر رکھتے ہوئے بجلی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے سلسلے میں تمام انتظامات کیے گئے تھے۔ ساحلی علاقوں میں ممکنہ طوفان سے بجلی کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ وزیر اعظم نے موجودہ صورتحال میں بجلی کی ترسیل سے متعلق خصوص ہدایات دی تھیں۔ ملک میں اس وقت بجلی کی پیداوار طلب سے زیادہ ہے۔