انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے رواں سال اکتوبر میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آنا ہے جس سے متعلق اہم خبر سامنے آئی ہے۔
رواں سال اکتوبر میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی اس ٹیسٹ سیریز کا برطانوی ٹی وی چینلز کی جانب سے بلیک آؤٹ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
برطانوی جریدے دی گارڈین کے مطابق پی سی بی نے نشریاتی حقوق کے لیے گزشتہ ماہ جو ٹینڈر نوٹس جاری کیا تھا اس پر کسی بھی برطانوی چینل نے دلچسپی ظاہر نہیں کی ہے اور نہ ہی اس مرحلے پر کوئی انگلش براڈ کاسٹر مذاکرات میں شامل ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اسکائی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو واضح اشارہ دیا ہے کہ وہ میچز کے نشریاتی حقوق کے لیے بولی لگانے کا ارادہ نہیں رکھتا جبکہ دوسرے انگلش چینل ٹی این ٹی اسپورٹس نے بھی عدم دلچسپ کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے مذاکرات میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی نے آئی ایم جی یا پچ انٹرنیشنل جیسی عالمی کمپنی کے بجائے ایک مقامی مارکیٹنگ ایجنسی کی خدمات حاصل کی ہیں اور یہ مقامی کمپنی نے جس نے رواں سال انگلینڈ کے دورہ بھارت کے لیے تاخیر سے معاہدہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دسمبر 2022 میں پاکستان میں ہونے والی انگلش ٹیم کی ٹیسٹ سیریز کو اسکائی اسپورٹس نے ہی ٹی وی پر نشر کیا تھا جو انگلینڈ کے تمام ہوم ٹیسٹ میچوں کے خصوصی نشریاتی حقوق رکھتا ہے۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان رواں سال اکتوبر میں ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی اس سیریز کا پہلا میچ ملتان میں 7 تا 11 اکتوبر، دوسرا میچ کراچی میں 15 تا 19 اکتوبر اور تیسرا میچ راولپنڈی میں 24 تا 28 اکتوبر کھیلا جائے گا۔