انگلینڈ نے ایشز کے چوتھے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا جس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
فتح سے بلند حوصلہ ٹیم نے وننگ کمبی نیشن برقرار رکھتے ہوئے کوئی سرپرائز تبدیلی نہیں کی۔ میزبان ٹیم نے مانچسٹر میں آسٹریلیا کے خلاف ایشز کے چوتھے اہم ٹیسٹ کے لیے 14 کھلاڑیوں کے گروپ کو برقرار رکھا ہے۔
سیریز میں 2-0 سے نیچے جانے کے بعد میزبانوں نے لیڈز میں ایک زبردست فتح کے ساتھ سیریز میں واپسی کی تھی اور اب وہ 19 جولائی سے اولڈ ٹریفورڈ میں آسٹریلیا سے سیریز بچانے کی کوشش کریں گے۔
بین فوکس کو طلب کرنے کے باوجود جونی بیئرسٹو ٹیم میں واحد وکٹ کیپر ہیں اور انہوں نے گزشتہ تینوں میچوں میں کئی مواقع ضائع کیے۔
جیمز اینڈرسن جنہیں ہیڈنگلے میں فائنل الیون سے باہر رکھا گیا تھا نے ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے اور اب دیکھنا ہو گا کہ انہیں مانچسٹر میں موقع دیا جائے گا کہ نہیں۔
معین علی کا اسکواڈ میں واحد اسپنر ہونے کی وجہ سے الیون میں شامل ہونا تقریباً یقینی ہے۔
اسکواڈ: بین اسٹوکس، معین علی، جیمز اینڈرسن، جونی بیرسٹو، اسٹورٹ براڈ، ہیری بروک، زیک کرولی، بین ڈکٹ، ڈین لارنس، اولی رابنسن، جو روٹ، جوش ٹونگ، کرس ووکس، مارک ووڈ