انگلینڈ ویمنز کرکٹر کو اب مرد کرکٹرز کے برابر تنخواہ ملے گی

انگلش ویمنز کرکٹر بھی اب مردوں کی ٹیم کے مساوی میچ فیس حاصل کریں گی، انگلش کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹرز کو بڑی خوش خبری سنا دی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ انگلش خواتین کرکٹرز کو انگلینڈ کے مرد کرکٹرز کے برابر میچ فیس کی ادائیگی کی جائے گی جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

انگلینڈ کی خواتین کرکٹرز نے روایتی ایشیز سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اس میں فتح حاصل کی تھی، جس کے بعد کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔

اسی ہفتے سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مساوی میچ فیس کا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔

واضح رہے کہ اس موسم گرما میں ہونے والے ویمنز ایشیز سیریز میں لوگوں کی بڑی تعداد نے میچ دیکھنے کے لیے گراؤنڈ کا رخ کیا تھا۔

ای سی بی نے ویمنز ڈومیسٹک ٹیمز کی میچ فیسوں میں بھی اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد ویمنز ہنڈرڈ میں کھیلنے والی پلیئرز کو پچھلے ایونٹ سے دوگنے سے بھی زیادہ معاوضہ ادا کیا جارہا ہے۔