سیریز برابر کرنے کا انگلش خواب ادھورا رہ گیا، بھارت چوتھے ٹیسٹ میں بھی فتحیاب

میزبان بھارت نے رانچی میں کھیلے جانے والے چوتھے ٹیسٹ میں انگلش ٹیم کو شکست دیتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 1-3 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔ چوتھے ٹیسٹ میچ میں ایک مرحلے پر 120 پر 5 وکٹیں گرنے کے باوجود بھارت نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 192 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔

چوتھی اننگز میں بھارتی کپتان روہیت شرما 55 اور شبمن گل 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، دھروو جوریل نے بھی 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پہلی اننگز میں 90 قیمتی رنز بنانے پر دھروو جوریل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

رانچی میں کھیلے جانے والے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ نے 353 رنز بنائے تھے جبکہ بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 307 رنز بناسکی تھی۔

دوسری اننگز میں برتری کے ساتھ میدان میں آنے والی مہمان ٹیم دوسری اننگز میں بھارتی اسپنرز کے سامنے محض 145 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے 192 رنز کا معمولی ہدف دیا۔

واضح رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں میزبان بھارت کو 1-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی۔ دھرم شالہ میں دنوں ٹیموں کے مابین آخری میچ 7 مارچ سے شیڈول ہے۔