انگلینڈ کے ٹرمپ کارڈ شعیب بشیر اب تک بھارت نہ پہنچ سکے

بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ٹرمپ کارڈ شعیب بشیر ویزا مسائل کے سبب اب تک بھارت نہ پہنچ سکے۔

انگلش ٹیم نے دورہ بھارت کے لیے ٹیم میں نوعمر آف اسپنر شعیب بشیر کو بھی شامل کیا ہے جنھیں بھارتی اسپن پچز پر انگلینڈ کے لیے ٹرمپ کارڈ قرار دیا جارہا ہے۔ وہ 21 جنوری کو بھارتی پہنچنے والی برطانوی اسکواڈ کے ہمراہ موجود نہیں تھے۔

شعیب متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے تربیتی کیمپ کا حصہ تھے لیکن کاغذی کارروائی میں تاخیر کے سبب انھیں ویزا کے اجرا میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی وجہ سے وہ اب تک بھارت نہیں پہنچ سکیں ہیں۔

تاہم انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم پہلے ٹیسٹ میں نوجوان کھلاڑی کے دستیاب ہونے کے حوالے سے پُراعتماد ہیں۔

میک کولم کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ بشیر کل ہمارے ساتھ موجود ہوں گے۔ انھیں کچھ ویزا مسائل درپیش ہیں۔ ہمیں بی سی سی آئی اور بھارتی حکومت کی طرف کیے جانے والے تعاون کے باعث یقین ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔

شعیب بشیر نے اب تک صرف 6 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں جس میں انھوں نے 10 وکٹیں حاصل کی ہیں انھیں پہلی بار انگلش اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 25 جنوری سے ہورہا ہے۔

بھارتی ٹیم کو پہلے دو ٹیسٹ میچز کے لیے اپنے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کا ساتھ حاصل نہیں ہوگا۔ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر شروع کے دو مقابلوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔