بروس لی کی فلم ’انٹر دی ڈریگن‘ 50 سال بعد دوبارہ ریلیز کرنے کا اعلان

بروس لی کی فلم ’انٹر دی ڈریگن‘ 50 سال بعد دوبارہ ریلیز کرنے کا اعلان

عالمی شہرت یافتہ کنگ فو لیجنڈ بروس لی کی مشہور زمانہ فلم ’انٹر دی ڈریگن‘ کو اس کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر دوبارہ ریلیز کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ’انٹر دی ڈریگن‘ کو اگلے ماہ اگست میں ایک مربتہ پھر سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کیا جائے گا جہاں پُرانے مداحوں کے ساتھ نئے ناظرین بھی لطف اندوز ہوں گے۔

مارشل آرٹس کلاسک فلم کیلیے نیا ٹریلر جاری کیا گیا ہے جس میں وہ سب کچھ ہے جس کیلیے شائقین بے تاب بیٹھے ہیں۔ ٹریلر میں ہان کا ٹورنامنٹ دکھا کر پُرانی کہانی کو ایک نئے انداز میں پیش کرنی کی کوشش کی گئی ہے۔

چند روز قبل ریلیز کیے گئے ٹریلر کو اب تک ہزاروں لوگ دیکھ چکے ہیں۔

ایکشن سے بھرپور ٹریلر میں بروس لی کو مارشل آرٹس کے ماہر کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے جو حکومت کی طرف سے ایک خطرناک جرائم پیشہ شخص کو ختم کرنا چاہتا ہے جو اس کی بہن کا قاتل بھی ہے۔

1973 میں ریلیز ہونے والی فلم ’انٹر دی ڈریگن‘ میں کنگ فو لیجنڈ بروس لی کو آخر بار دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ 32 سالہ کی عمر میں پُراسرار طور پر موت کے منہ میں چلے گئے جو اب تک ایک معمہ ہے۔ فلم کو رابرٹ کلوز نے ڈائریکٹ کیا جبکہ اس کی کہانی مائیکل ایلن نے لکھی تھی۔

فلم نے زبردست بزنس کیا تھا۔ اس کا کُل بجٹ ساڑے 8 لاکھ ڈالرز تھا لیکن اس نے حیران کُن طور پر 400 ملین ڈالرز کمائے۔ اسے اب بھی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔