پنشنرز کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

ای او بی آئی پنشنرز

وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی پنشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ای او بی آئی پنشنرز کو یکم ستمبر سے بقایاجات سمیت ادائیگی کی جائے گی، ای او بی آئی ماہانہ 10 ارب روپے پنشن کی مد میں جاری کرے گا۔

طویل سروس رکھنے والے پنشنرز اب 30 ہزار روپے ماہانہ سے زائد پنشن حاصل کرسکیں گے۔

غیررسمی شعبے، گھریلو ملازمین اور زرعی مزدوروں کو ای او بی آئی میں شامل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل ترقی چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ حکومت محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

اس سے قبل وزارت خزانہ نے یکم جولائی 2025 یا بعد میں ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے لیے ریلیف کی منظوری دی تھی۔

وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ تمام وفاقی پنشنرز پر برابری کی بنیاد پر پنشن میں اضافے کا اطلاق ہوگا، 2011 سے 2024 کے دوران 5 اضافی ایڈہاک ریلیف الاؤنس پنشن کا حصہ ہوں گے۔

گراس پنشن میں سے کمیوٹ شدہ پنشن منہا کرکے 5 ایڈہاک ریلیف شامل کیے جائیں گے۔